
اقوام متحدہ کی سمندری کانفرنس میں ماکرون کی بین الاقوامی اتحاد کی اپیل، گہرے سمندر کی کان کنی پر پابندی کا مطالبہ
نیس، یورپ ٹوڈے: فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکرون نے پیر کے روز نیس میں منعقدہ اقوام متحدہ کی سمندری کانفرنس 2025 کا افتتاح کرتے ہوئے دنیا کے سمندروں کو درپیش خطرات کے پیش نظر بین الاقوامی اتحاد اور تعاون کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
“پہلا حل بین الاقوامیت ہے”، ماکرون نے کہا۔ “گہرا سمندر برائے فروخت نہیں، نہ گرین لینڈ اور نہ ہی انٹارکٹیکا برائے فروخت ہیں”، انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توسیع پسندانہ خیالات پر تنقید کرتے ہوئے کہا۔
انہوں نے کہا کہ
“جب زمین گرم ہو رہی ہے تو سمندر اُبل رہا ہے”، اور دنیا کے سمندروں کے تحفظ کے لیے سائنس اور تحقیق میں کھلی شراکت داری کا مطالبہ کیا۔
ماکرون نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ہائی سی ٹریٹی (High Seas Treaty) جس پر 2023 میں دستخط کیے گئے تھے، اب قابل عمل ہونے کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
“گزشتہ چند گھنٹوں میں 50 ممالک نے اپنی توثیق جمع کرائی ہے، جبکہ 15 مزید ممالک نے اس میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ ایک اہم سیاسی اتفاق رائے ہے، جس سے یہ معاہدہ عملی شکل اختیار کرے گا”، انہوں نے کہا۔
یہ معاہدہ 60ویں توثیق کے 120 دن بعد نافذ العمل ہوگا۔
ماکرون نے گہرے سمندروں میں معدنیات کی کان کنی پر عالمی پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا، اسے “جنون” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی خبردار کیا کہ اگر ضوابط نہ بنائے گئے تو گہرے سمندر “جنگلی مغرب” بن جائیں گے۔
برازیل کے صدر لوئیس لولا ڈی سلوا نے بھی یکطرفہ سمندری کان کنی کی کوششوں پر تنقید کی، جس کا اشارہ انہوں نے امریکہ کی ممکنہ کارروائیوں کی طرف دیا۔
“ہم سمندروں کے ساتھ وہی ہونے نہیں دے سکتے جو عالمی تجارت کے ساتھ ہوا”، لولا نے کہا۔
کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب صرف 2.7 فیصد سمندری علاقہ ہی تباہ کن سرگرمیوں سے محفوظ ہے، جو 2030 تک 30 فیصد تحفظ کے عالمی ہدف سے بہت کم ہے۔
اگرچہ فرانس دعویٰ کرتا ہے کہ وہ یہ ہدف حاصل کر چکا ہے، لیکن ماحولیاتی ماہرین کے مطابق فرانس کے صرف 3 فیصد پانی ایسے ہیں جہاں مکمل تحفظ حاصل ہے۔
صرف 2024 میں، 100 سے زائد فِشنگ ویسلس نے 17,000 گھنٹے فرانس کے سمندری نیشنل پارکس میں مچھلیاں پکڑنے میں گزارے، اوشیانا نامی ادارے نے رپورٹ کیا۔
یہ کانفرنس پالیسی وعدوں اور عملی تحفظ کے درمیان بڑھتے ہوئے خلا کو کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔