
پاکستانی خارجہ امور کے ماہر اور مصنف محمد علی پاشا کا قازقستان کے الماتی نیشنل لائبریری کا دورہ، ثقافتی تعلقات کے فروغ پر زور
الماتے، یورپ ٹوڈے: معروف پاکستانی خارجہ امور کے ماہر، ادیب اور شاعر محمد علی پاشا نے قازقستان کی الماتی نیشنل لائبریری اور اس کی مختلف شاخوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قازق وزارتِ خارجہ کی عہدیدار محترمہ سلطنت بھی موجود تھیں۔
لائبریری کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ترقی جناب عدیل ماژیتوف نے محمد علی پاشا کا پُرتپاک استقبال کیا اور لائبریری کے انتظامی امور اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ عملے نے بتایا کہ الماتی کے میٹرو اسٹیشنز پر بھی لائبریری کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو آسان رسائی حاصل ہو۔
الماتے شہر میں کل 28 لائبریریاں فعال ہیں جو عوام کو علمی و ثقافتی وسائل فراہم کر رہی ہیں۔ لائبریری کا جدید مینجمنٹ سسٹم صارفین کے لیے کتابوں کے اجراء اور دیگر خدمات کو آسان بناتا ہے، جبکہ اسکیننگ سہولتوں کے ذریعے کتابوں کو آن لائن دستیاب کیا جا رہا ہے۔
محمد علی پاشا نے اپنے دورے کے دوران پاکستان کارنر کا بھی مشاہدہ کیا، جو پاکستان اور قازقستان کے درمیان بڑھتے ہوئے ادبی و ثقافتی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔