
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس: گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کی منظوری
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجراء کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ اپنی چھت اپنا گھر پروجیکٹ سے متعلق ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت خود وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں منظور ہونے کے بعد، جوائنٹ فیملی میں رہنے والے شہری اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔
اجلاس کے دوران جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔ علاوہ ازیں، اپنی زمین اپنا گھر پروجیکٹ کے تحت 1,531 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں اپنی چھت اپنا گھر پروجیکٹ کے تحت اس وقت 53,843 مکانات زیر تعمیر ہیں، جبکہ اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ قرضے بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔