
مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، تمام ملازمین فارغ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کرنے اور بقیہ تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، کمپنی نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنا دفتر بند کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی صارفین کو قریبی دفاتر اور مقامی پارٹنرز کے ذریعے بدستور خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق، یہ ماڈل دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کامیابی سے رائج ہے، اور کمپنی کی عالمی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
اس اقدام کو مائیکروسافٹ کی عالمی سطح پر جاری تنظیم نو اور مصنوعی ذہانت پر توجہ مرکوز کرنے کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ مائیکروسافٹ نے حال ہی میں اپنے تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ مئی میں بھی 6 ہزار ملازمین کی چھانٹی کی گئی تھی۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق، عالمی ٹیک کمپنیاں آن-پریمیس سافٹ ویئر ڈپلائمنٹ سے سافٹ ویئر ایز اے سروس ماڈل کی طرف منتقل ہو رہی ہیں، اور مائیکروسافٹ کا یہ فیصلہ اسی پالیسی کا حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس فیصلے سے پاکستان میں مائیکروسافٹ کے تمام پانچ ملازمین متاثر ہوں گے اور اسلام آباد میں قائم کمپنی کا نمائندہ دفتر بند کر دیا جائے گا، تاہم ملک میں مائیکروسافٹ کی سروسز اور مصنوعات بدستور دستیاب رہیں گی۔
پاکستان میں مائیکروسافٹ کے آپریشنز کا آغاز جون 2000 میں ہوا تھا۔ کمپنی کے بانی سربراہ جواد رحمان نے گذشتہ روز لنکڈاِن پر اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مائیکروسافٹ کی سرگرمیاں اب باقاعدہ طور پر ختم کی جا رہی ہیں، اور باقی چند ملازمین کو باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مائیکروسافٹ کی موجودگی پہلے ہی محدود تھی اور یہاں کمپنی کا ایک نمائندہ دفتر اور چند ملازمین تعینات تھے۔