محسن نقوی

محسن نقوی اور طلال چوہدری کی خودکش دھماکے سے متاثرہ امام بارگاہ میں نمازِ مغرب کی ادائیگی

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد میں مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے مغرب کی نماز بھی ادا کی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے خودکش دھماکے کے مقام کا معائنہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معصوم نمازیوں اور مساجد کو نشانہ بنانے والے خارجی سفاک درندے ہیں اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن، یکجہتی اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم پوری قوم ان سازشوں کے خلاف متحد ہے۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ شہداء میں آئی جی اسلام آباد کے کزن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی میں ہمسایہ ملک ملوث ہے اور پاکستان اس حوالے سے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کر چکا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد و امام بارگاہ کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دھماکہ نمازِ جمعہ کے دوران اس وقت ہوا جب حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روکا گیا، جس پر اس نے خود کو گیٹ پر دھماکے سے اڑا لیا۔

وزیرِاعظم Previous post اسلام آباد میں امام بارگاہ دھماکا، صدر اور وزیرِاعظم کی شدید مذمت
شہباز شریف Next post اسلام آباد خودکش حملہ: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا عالمی برادری کے اظہارِ ہمدردی پر شکریہ