
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاک-امریکا تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورۂ امریکا کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے اس دورے کے دوران امریکی کانگریس کے ارکان سے ہونے والی ملاقاتوں کو انتہائی مثبت قرار دیا اور کہا کہ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر دہشت گردی کے بین الاقوامی مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے امریکی تعاون نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک-امریکا تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔