
ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے منگل تک مزید بارش اور برف باری کا امکان
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: محکمہ موسمیات نے آج سے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو پیر تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
اس دوران بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں، لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ حکام کو احتیاطی اقدامات اختیار کرنے اور موسمی حالات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔