7.7

میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ینگون، یورپ ٹوڈے: میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے اثرات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک تک محسوس کیے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے قریب تھا، اور اس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تک تھی۔

زلزلے کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں گر گئیں، سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے، اور شہر کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا۔

میانمار کی فوجی حکومت نے چھ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عالمی برادری اور تنظیموں سے مدد کی درخواست کی ہے۔

زلزلے میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 142 تک پہنچ چکی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تعداد ایک ہزار سے دس ہزار کے درمیان ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب، تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں فلک بوس عمارتیں لرز اُٹھیں۔ لگژری ہوٹلز کی چھتوں پر بنے سوئمنگ پولز کا پانی آبشار کی طرح زمین پر گرنے لگا۔

بنکاک میں زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

میانمار اور بنکاک میں پیش آنے والی اس تباہی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے اپنے شہریوں کے لیے کرائسس منیجمنٹ سیل فعال کر دیا ہے اور ہنگامی رابطہ نمبرز جاری کیے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ درج ذیل نمبروں پر مدد کے لیے فوری رابطہ کریں۔

1.3 Previous post آئی ایم ایف نے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کی فراہمی کی تصدیق کر دی
کرائسس منیجمنٹ سیل Next post وزارت خارجہ کا میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلہ متاثرین کے لیے کرائسس منیجمنٹ سیل فعال