
تشدد پر مبنی انتہا پسندی کے خلاف قومی جدوجہد جاری رہے گی، سماجی انصاف اور ہم آہنگی پائیدار امن کی بنیاد ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی مضبوط بنیادیں ہیں اور انہی اصولوں کے ذریعے معاشروں میں دیرپا استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
تشدد پر مبنی انتہا پسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انتہاپسندی، دہشت گردی، نفرت اور عفریت کے خلاف اپنی قومی جدوجہد بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتہاپسندی اور تشدد پر مبنی نظریات معاشروں کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی اقدار کو کمزور کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور پُرتشدد انتہاپسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی قربانیاں قومی عزم، حوصلے اور یکجہتی کی روشن مثال ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے جو اعتدال، رواداری، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور مثبت سوچ فراہم کر کے انہیں انتہا پسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ایک پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔