جشن میلادالنبی

ملک بھر میں جشن میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، وزیراعظم کا پیغام جاری

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جشن میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کیا جارہا ہے، جن سے فضا درود و سلام کی خوشبو سے معطر ہے۔ اس کے ساتھ مختلف علاقوں میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کا پیغام
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے جشن ولادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول کے دن آج سے 1500 برس قبل سرزمین مکہ میں نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت نے ظلمتوں کو نور میں بدل دیا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں۔ رواں سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالِ رحمت للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قراردادوں کے مطابق نبی مکرم ﷺ کی 1500 ویں ولادتِ باسعادت کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم بحیثیت قوم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنے دستور، قانون اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے، خواہ سیاست و حکومت ہو، عدل و انصاف، معیشت و تجارت یا معاشرتی اقدار، سیرتِ طیبہ ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ قرآن کریم ہمیں واضح الفاظ میں بتاتا ہے کہ “تمہارے لیے اللہ کے رسولﷺ میں بہترین نمونہ موجود ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے۔”

شہباز شریف نے کہا کہ جدید دور میں جب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور فاصلے سمٹ رہے ہیں، ہمیں نئی نسل کو نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ سے روشناس کرانا ہوگا تاکہ وہ خیر، علم، امن اور اخلاقیات کے اصولوں پر عمل پیرا ہو سکیں۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کو سیرتِ طیبہؐ کی عملی تصویر بنانا ہوگا، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرت کو رد کرتے ہوئے بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا پائیدار حل اسی وقت ممکن ہے جب ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کو سیرت النبی ﷺ کے سنہری اصولوں پر استوار کرکے حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، اتحاد و یگانگت عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی محبت و اطاعت میں زندگی گزارنے کی توفیق دے۔

مزار قائدمزار Previous post مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد
انڈونیشیا Next post انڈونیشیا کے سیاحتی شعبے میں نمایاں اضافہ، جولائی 2025 میں غیر ملکی آمد اور ملکی سفر میں مضبوط ترقی