کواڈ کاپٹر

ملک بھر میں ڈرون اور کواڈ کاپٹر اڑانے پر فوری پابندی عائد، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزارتِ داخلہ نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ملک بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اور کواڈ کاپٹر اڑانے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے اور صوبائی حکومتوں کو اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

27 فروری کو جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق “موجودہ سیکیورٹی ماحول کے پیش نظر فوری طور پر کواڈ کاپٹر/بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں (یو اے ویز) کی آؤٹ ڈور پرواز پر پابندی عائد کی جاتی ہے، جو آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔”

یہ ہدایت پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ارسال کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائیں۔

حکام کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ حساس اور عوامی تنصیبات کے قریب ڈرون یا کواڈ کاپٹر اڑانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

سرکلر کی نقول تمام صوبوں کے انسپکٹر جنرلز پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز (داخلہ)، محکمہ داخلہ کے سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ سیکیورٹی و انتظامی حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈی جی (آپریشنز اینڈ رسپانس ونگ)، نفٹاک، نیکٹا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد، وزیراعظم آفس (اے پی ایم ونگ)، جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ اور وزارتِ داخلہ کے سینئر حکام کو بھی ہدایات بھجوائی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں زور دیا گیا ہے کہ پابندی آئندہ احکامات تک نافذ رہے گی۔

بنوں میں مسجد پر کواڈ کاپٹر حملہ، پانچ نمازی زخمی

دریں اثنا، جمعہ کی شام افطار کے وقت بنوں میں ایک مسجد پر کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے دھماکہ خیز مواد گرائے جانے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ نمازی زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ بنوں کے علاقے میرباز برکزئی میں اس وقت پیش آیا جب نمازی مسجد میں افطار کر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم سمت سے آنے والے ایک کواڈ کاپٹر ڈرون نے مسجد کے احاطے میں دھماکہ خیز مواد گرایا، جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کی شناخت 18 سالہ حمید نواز ولد عادل نواز، 45 سالہ علی نواز ولد محمد نواز، 35 سالہ ظاہر شاہ ولد جہان شاہ، 15 سالہ صدر نواز ولد بخت نواز اور 35 سالہ راشد نواز ولد محمد نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کا تعلق زوندا غیبی میرباز برکزئی سے بتایا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے نامعلوم ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

آصف Previous post وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا افغان طالبان رجیم سے کھلی جنگ کا اعلان، سینیٹ میں قومی یکجہتی کی قرارداد منظور
اسحاق ڈار Next post او آئی سی اجلاس: اسحاق ڈار کا اسرائیلی آبادکاری اور الحاق کی کوششیں روکنے کے لیے اجتماعی اقدام کا مطالبہ