پاکستان کی جانب سے ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے 40 ٹن امدادی سامان روانہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کی صبح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 40 ٹن امدادی سامان پر مشتمل پہلی کھیپ چارٹرڈ پرواز کے ذریعے ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے کوالالمپور روانہ کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی اس کھیپ میں خیمے، کمبل، رضائیاں، سلیپنگ بیگز، چٹائیاں اور لائف جیکٹس جیسے بنیادی امدادی سامان شامل تھے۔
ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے 40 ٹن وزنی امدادی سامان کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے روانہ کی جائے گی، جو پاکستان کی ملیشیا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے عزم کو مزید اجاگر کرتی ہے۔
ملائیشیا میں موجودہ مون سون سیزن کے دوران مشرقی ریاستوں میں شدید بارشوں اور اچانک سیلاب نے 38 اضلاع میں 1,37,410 افراد کو متاثر کیا ہے۔ اس قدرتی آفت کے باعث 40,922 خاندانوں نے 633 انخلا مراکز میں پناہ لی ہے، جب کہ 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ یہ شدید بارشیں فروری 2025 تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
30 نومبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کو فون کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور امداد کی پیشکش کرتے ہوئے فوری انسانی امداد بھجوانے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے تجربات کی روشنی میں، پاکستان ان مشکلات کو بخوبی سمجھتا ہے جو ایسی آفات کے باعث پیش آتی ہیں۔ یہ مشترکہ فہم اور ہمدردی پاکستان کو ملائیشیا کے ساتھ کھڑے ہو کر اس کے بحالی کے سفر میں مدد فراہم کرنے کے لیے متحرک رکھتی ہے۔