
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
کراچی، یورپ ٹوڈے: محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ دنوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مون سون کے ایک اور اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تازہ ترین موسمی صورتحال کے مطابق آج رات سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 18 جولائی کی رات سے 20 جولائی کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، کراچی، خیرپور، جیکب آباد، دادو، کشمور، بے نظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، گھوٹکی اور دیگر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں 21 جولائی سے 25 جولائی تک دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہاٹ، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی اور ہنگو میں بارشیں متوقع ہیں۔ بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پنجاب میں 20 جولائی کی شام سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، نارووال، سیالکوٹ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، اوکاڑہ، سرگودھا، بھکر اور میانوالی سمیت جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے لسبیلہ، آواران، خضدار، کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، قلات، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی اور بارکھان میں 18 سے 19 جولائی اور پھر 21 سے 23 جولائی کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ ساتھ ہی اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں جس سے بعض شاہراہوں اور راستوں کی بندش ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درختوں، کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز اور پانی والے مقامات سے دور رہیں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔