پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست تجارت کی بحالی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست تجارت کی بحالی

کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سقوطِ ڈھاکہ کے بعد پہلی بار براہ راست تجارت اور سرکاری سطح پر تجارتی روابط بحال ہو گئے ہیں۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں، بنگلہ دیش نے پاکستان کے سرکاری ادارے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے مجموعی طور پر 50 ہزار ٹن اری چاول کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ معاہدہ فروری کے پہلے ہفتے میں طے پایا تھا، جس کے تحت چاول کی فراہمی دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔

پہلی شپمنٹ 25 ہزار ٹن پر مشتمل ہوگی جبکہ دوسری شپمنٹ مارچ کے اوائل میں روانہ کی جائے گی۔ اس تجارتی معاہدے کے ساتھ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط میں بہتری آئے گی بلکہ براہ راست شپنگ کا سلسلہ بھی بحال ہو جائے گا۔

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا مال بردار جہاز سرکاری کارگو لے کر پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارتی روابط کی بحالی کی علامت ہے۔

یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور تجارتی شراکت داری کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم تصور کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف خطے میں اقتصادی استحکام میں مدد ملے گی بلکہ مستقبل میں مزید تجارتی مواقع کے دروازے بھی کھلیں گے۔

ژونگ شینگ-10 Previous post چین نے ژونگ شینگ-10 آر سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا
مندالیکا انٹرنیشنل سرکٹ Next post مندالیکا انٹرنیشنل سرکٹ مئی 2025 میں جی ٹی ورلڈ چیلنج ایشیا کی میزبانی کرے گا