
ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ملک بھر میں آج یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ 23 مارچ کی مناسبت سے وقار اور احترام کے ساتھ سادہ مگر پُراثر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یومِ پاکستان اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ قوم اپنے اسلاف کے نظریات سے وابستہ رہتے ہوئے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے متحد رہے گی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا گیا ہے، جس کے تحت تقریبات کو سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ پاکستان ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اتحاد سب سے اہم عنصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے اور جوہری طاقت حاصل کر کے اپنے دفاع کو مزید مضبوط کیا ہے۔ صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ کا بھی ذکر کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی قوم نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔
یومِ پاکستان کے موقع پر قوم اس عزم کا اعادہ کر رہی ہے کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھا جائے گا۔