
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا انکشاف: “پاک بھارت جنگ میں غیبی مدد حاصل رہی، 6 بھارتی جہاز گرائے، 36 اہداف کو نشانہ بنایا”
لاہور، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پاک بھارت جنگ کے دوران اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیبی مدد حاصل رہی اور اس کے نتیجے میں ہم نے 6 بھارتی جہاز مار گرائے جبکہ بھارت کے 36 اہداف کو نشانہ بنایا۔
لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پس پردہ کام کرنے والے ہمارے اداروں کو بھارت کی ہر منصوبہ بندی پہلے سے معلوم ہو جاتی تھی، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حملے ناکام ثابت ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے نور خان ایئربیس پر 7 میزائل فائر کیے مگر اللہ کے کرم سے کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ وہ ایئربیس سے باہر یا ادھر اُدھر جا کر گرے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس دوران سعودی حکومت کا ایک وفد بھی پاکستان آیا جو بھارت سے ہو کر آیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جنگی حکمت عملی کے پیچھے وزیراعظم مودی نہیں بلکہ امیت شاہ اور اجی دیول تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی سیاسی جماعتیں ایک پیج پر تھیں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بہترین سفارتکاری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کھلے عام بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل اور وزیراعظم نے دباؤ برداشت کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دے کر تاریخ رقم کی۔