پاکستان کا اعزاز: نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی شاندار کامیابی
منیلا، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے عالمی سطح پر اس وقت نمایاں کامیابی حاصل کی جب ایشین پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (APO) کی سالانہ کانفرنس “کانفرنس آف یوتھ ایجوکیشن اینڈ فیوچر ورک” میں پاکستان کے وفد نے ملک کی نمائندگی کی۔ فلپائن کے شہر منیلا میں منعقدہ اس کانفرنس میں ایشیا بھر کے 20 ممالک کے 94 ڈیلیگیٹس نے شرکت کی، لیکن یہ اعزاز صرف پاکستان کے وفد کو حاصل ہوا کہ اس کی نمائندہ، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی ڈاکٹر منیبہ افتخار کو شاندار کارکردگی پر بہترین ڈیلیگیٹ قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر منیبہ نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں ووٹ آف تھینکس کے لیے منتخب ہوئیں۔
اپنے ووٹ آف تھینکس میں ڈاکٹر منیبہ نے کہا کہ “امن ہی ترقی کا گہوارہ ہے اور ایشیا کے ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ ایشیا کے ترقی پذیر ممالک کا بازو تھامیں اور دنیا کو یہ ثابت کریں کہ ہم دنیا کی مجورٹی ہیں، اور ہماری یوتھ، ہماری ثقافت، یہ سب ہماری ترقی کے لیے ضروری ہیں۔” ان کے اس پیغام کو حاضرین نے بھرپور سراہا اور ان کی پذیرائی کی۔ اس دوران منیلا کی ایک پروفیسر نے ڈاکٹر منیبہ سے اصرار کیا کہ وہ فلپائن کی یونیورسٹی کے طالب علموں کو مستقبل میں آن لائن لیکچرز دیں، جو پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے لیے بھی باعثِ فخر ہے اور نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی مؤثر حکمتِ عملی اور پاکستانی نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔