
باؤ فورم برائے ایشیا: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی روسی نائب وزیر اعظم سے ملاقات، توانائی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال
باؤ، یورپ ٹوڈے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک کے درمیان باؤ فورم برائے ایشیا کانفرنس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں توانائی، تجارت اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پن بجلی کے شعبے میں شراکت داری کے امکانات پر گفتگو کی، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان-روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبے کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ 31 مارچ 2025 سے باضابطہ طور پر شروع کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، وزیر خزانہ نے روس کے تعاون سے پاکستان میں ایک نئی اسٹیل مل کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی اور ممکنہ لاگت کے تخمینے کا جائزہ لیا گیا، تاکہ اس اہم صنعتی منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات کے استحکام اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔