وزیراعظم شہباز شریف کا بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے برطانیہ کے کاروباری وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ وفد کی قیادت زبیر عیسیٰ نے کی، جس میں برطانیہ کی اہم کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق، برطانوی کاروباری وفد نے ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کو ایس آئی ایف سی کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔