
اکادمی ادبیات پاکستان کی صوبائی ادبی کانفرنسوں کا آغاز
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: مارچ ۔اپریل ۲۰۲۵ میں اکادمی ادبیات پاکستان نے پورے ملک میں صوبائی کانفرنسیں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ۔اس منصوبے کا مقصد یہ تھا کہ ہر صوبے میں بولی جانے والی تمام زبانوں کے اہل قلم کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے اور ہر صوبے میں تخلیق کیے جانے والے مختلف زبانوں کے ادب کے مشترک رجحانات، امتیازی خصوصیات اور ترقی کی رفتار کا جائزہ لیا جائے نیز یہ دیکھا جائے کہ کسی صوبے کے اندر کی ادبی صورت حال کس حد تک سماج کے زندہ مسائل سے جڑ کر معاشرے کی سمت نمائی کافریضہ سر انجام دے رہی ہے۔اس کانفرنس کا مرکزی موضوع ،معاصر ادبی تناظر کا جائزہ تھا جس کے تحت نہ صرف کلیدی خطبات کے ذریعے بلکہ مختلف اجلاسوں میں ہونے والی گفتگو کے ذریعے ادب کی رفتار اور کردار کا اندازہ لگایا جا سکے۔
صوبائی کانفرنسوں کے اس سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر ۲۵ تا ۲۶ اپریل ۲۰۲۵ کو کراچی میں ایک دوروزہ کانفرنس کا انعقا د کیا گیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام اکادمی ادبیات پاکستان کے کراچی دفتر اور کراچی کے ناظم اعزازی جناب ندیم ظفر نے کیا۔ اس کانفرنس کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ اس میں کراچی کے علاوہ، حیدر آباد، سکھر، عمر کوٹ تھر، دادو، لاڑکانہ، نواب شاہ، ٹھٹھہ اور بدین کے اہل قلم کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ سندھ میں جاری ہڑتال کے باعث کچھ اہل قلم افتتاحی اجلاس میں شریک نہ ہو سکے لیکن ان مشکل حالات کے باوجود، اندرون سندھ کی نمائندگی کے لیے ممتاز اہل قلم موجود تھے۔مختلف مذاہب، مكاتبِ فكر اور لسانی پس منظرركھنے والے ادیبوں كا یكجا ہونا اور كانفرنس كے دوران اہم ادبی امور پر مكالمے میں شریك ہونا ایك انتہائی یادگار موقع تھا۔ کراچی کے ممتاز اہل قلم بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئے اور مختلف جلسوں میں انتہائی پر مغز گفتگو ہوئی۔ کراچی اور سندھ کے ادیبوں نے اس کانفرنس کو انتہائی خوش آئند اقدام قرار دیا اور صدر نشیں کو مبارک باد پیش کی نیز آئندہ بھی ایسی تقریبات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔