
پاکستان نے 20 سال میں 48 ملین افراد کو غربت سے نکالا، موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج قرار
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ورلڈ بینک کی نمائندہ ولیری ہکی نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ 20 برسوں میں 48 ملین افراد کو غربت سے باہر نکالا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی اس پیش رفت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ولیری ہکی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی نہیں بلکہ ایک سنگین معاشی مسئلہ بھی ہے، جو غریب طبقات کو مزید مشکلات میں دھکیل سکتی ہے۔
انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں، کیونکہ اس کے اثرات ترقی پذیر ممالک پر زیادہ شدت سے مرتب ہو رہے ہیں۔
ورلڈ بینک کے نمائندہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ متبادل توانائی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے تاکہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔