اقوام متحدہ

کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ

نیویارک، یورپ ٹوڈے: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔

نیویارک میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں بڑی تعداد میں شہری سنگین مشکلات کا شکار ہیں، جہاں تعلیم، صحت اور سماجی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، جب کہ 5 اگست 2019 کو وہاں غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کیے گئے، جنہوں نے خطے کی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن اور کرفیو کے باعث تعلیمی ادارے طویل عرصے سے بند ہیں، جب کہ ان پابندیوں نے سیاحت، زراعت اور دیگر اہم معاشی شعبوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور تسلیم شدہ حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مریم نواز Previous post بسنت کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان، خوشیاں ذمہ داری سے منانے پر زور
اسلام آباد Next post اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ پر دھماکا، 31 نمازی شہید، 169 زخمی