
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں قربانی کا سلسلہ جاری
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد لاکھوں فرزندانِ اسلام حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم سنت کی پیروی کرتے ہوئے قربانی میں مصروف ہیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور عیدگاہوں میں روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جہاں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے، اس کے روحانی اثرات، ایثار و قربانی کے جذبے، اور اسلامی اخوت و بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ خطبات کے دوران امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہری سکون و اطمنان سے عبادات ادا کر سکیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر ادارے مکمل طور پر متحرک رہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے صفائی، ٹریفک اور جانوروں کی قربانی کے بعد صفائی کے انتظامات بھی فعال انداز میں جاری ہیں۔
عیدالاضحیٰ کا یہ دن قربانی، ایثار، اور اللہ کی رضا کے حصول کا مظہر ہے، جو مسلمانوں کو اپنے ذاتی مفادات سے بلند ہو کر دوسروں کے لیے جینے اور قربانی دینے کا سبق دیتا ہے۔