
پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 90 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان علی آغا نے شاندار 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 53 اور صائم ایوب نے 23 رنز بنائے۔ شاداب خان 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سات بلے باز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
آسٹریلیا کی تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے تین، تین وکٹیں لیں، عثمان طارق نے دو جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ دوسرے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان اس میچ میں شریک نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔