
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی
لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 40، سلمان علی آغا 39 اور بابر اعظم 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عثمان خان نے 18 اور فخر زمان نے 10 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 15 رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ کیمرون گرین 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ زاویئر بارٹلے 34 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور کپتان ٹریوس ہیڈ نے 23 رنز کی اننگز کھیلیں۔
قومی ٹیم کے ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان کے خلاف میچ میں ٹریوس ہیڈ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جبکہ جوش انگلس، مچل مارش اور مارکس اسٹوائینس دستیاب نہیں تھے۔ اس میچ میں آسٹریلیا کے ماہلی بئیرڈ مین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان اور محمد نواز شامل تھے، جبکہ شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ رہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔