پاکستان نے ہمیشہ جنگ پر امن کو ترجیح دی ہے، آپریشن "بنیان المرصوص" امن کی فتح ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان نے ہمیشہ جنگ پر امن کو ترجیح دی ہے، آپریشن “بنیان المرصوص” امن کی فتح ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

کراچی، یورپ ٹوڈے: شعبہ تعلقات عامہ افواج پاکستان (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ پر امن کو ترجیح دی ہے اور “آپریشن بنیان المرصوص” کی کامیابی دراصل امن کی جیت ہے۔

وہ کراچی میں سیلانی آئی ٹی پروگرام کے طلبہ سے ملاقات اور بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انفارمیشن وارفیئر میں ملکی دفاع کی پہلی صف کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک پیشہ ور ادارہ ہیں جو آئینی دائرہ کار اور ریاستی احکامات کے تحت اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں ایک مستحکم عنصر کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہماری مسلح افواج ہماری شناخت ہیں اور عوام ان کی اصل طاقت ہیں۔ طلبہ نے پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی کی صورتحال سے متعلق مختلف موضوعات پر سوالات کیے جن کے جوابات ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے دیے۔

طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور مسلح افواج کا ہر محاذ پر ساتھ دیں گے۔ طلبہ نے اس ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی گفتگو کا تسلسل مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔

ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی فلسطین کی نئی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال Previous post ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی فلسطین کی نئی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال