پاکستان

پاکستان نے بھارت کی الزام تراشی مسترد کر دی، دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ قرار دیا

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں۔

یہ بات ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں اور بھارتی الزامات غیر ذمہ دارانہ، پرانی اور گمراہ کن ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کے الزامات نہ صرف پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بھی بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہمارے سامنے ہے اور افغانستان سمیت خطے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ماورائے عدالت قتل اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی تاریخ سے سبق حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرنے، مہذب بین الاقوامی رویے اپنانے اور انتہاپسندانہ و مذہبی بنیادوں پر تشدد کو خطے کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ غیر ذمہ دارانہ الزامات خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کو بڑھا سکتے ہیں اور اس کے لیے بھارت کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان Previous post پاکستان نے یمن کے طویل تنازع کے حل کے لیے جامع سیاسی تصفیے کا مطالبہ کر دیا
پرابوو Next post صدر پرابوو سبیانتو کا آئندہ ہفتے برطانیہ کا سرکاری دورہ، تعلیمی تعاون پر بات چیت متوقع