70 کروڑ ڈالر

پاکستان نے چین کو 70 کروڑ ڈالر واپس کر دیے، زرمبادلہ ذخائر 15.5 ارب ڈالر تک محدود

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: پاکستان نے اس ہفتے چین کے کمرشل قرض کی مد میں 70 کروڑ ڈالر واپس کر دیے ہیں، جس کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کم ہو کر 15.5 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ ادائیگی چائنا ڈیولپمنٹ بینک (CDB) کو کی گئی، جس نے اس سے قبل اسی قرض کو تین سال کے لیے رول اوور کیا تھا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چائنا ڈیولپمنٹ بینک کا مزید ایک ارب ڈالر کا قرض جون میں میچور ہو رہا ہے، جسے حکومت مالی سال کے اختتام سے قبل ری فنانس کرانے کی امید میں قبل از وقت واپس کرنے پر غور کر رہی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن 25 فروری سے 11 مارچ تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔ آئی ایم ایف مشن توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت ایک ارب ڈالر کی قسط اور 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی موسمیاتی فنانسنگ کی منظوری کے لیے جائزہ مذاکرات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی ٹیم ابتدائی تین روز کراچی میں قیام کرے گی، جس کے بعد 2 مارچ سے وفاقی حکومت کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قرض کی ادائیگی اور زرمبادلہ ذخائر میں کمی کے تناظر میں آئی ایم ایف مذاکرات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ یہ آئندہ مالی حکمت عملی اور بیرونی ادائیگیوں کے انتظام پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

سید عاصم منیر Previous post فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اہم ملاقاتیں، عالمی سلامتی امور پر تبادلہ خیال