تجارتی

روس میں پاکستانی تجارتی وفد کی آمد، تین روزہ بزنس فورم کا انعقاد

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی کاروباری مندوبین کا وفد آج ماسکو پہنچے گا۔ اس وفد میں 50 سے 55 کاروباری نمائندے شامل ہیں، جو مختلف شعبوں میں کاروبار سے کاروبار کی بنیاد پر تجارتی معاہدے کریں گے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک پہلے ہی ماسکو میں موجود ہیں اور روس کے ہفتہ توانائی میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی آج ماسکو پہنچ رہے ہیں تاکہ اس تین روزہ فورم میں وسیع پیمانے پر تجارتی مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ بزنس فورم یکم اکتوبر کو وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی)، اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی کاروباری افراد اس موقع پر روسی کاروباری شخصیات کے ساتھ نیٹ ورکنگ کو مضبوط بنانے کے علاوہ تجارتی معاہدوں کو بھی حتمی شکل دیں گے۔

تجارتی معاہدوں میں سب سے بڑا چیلنج روسی کمپنیوں پر عائد ’’سوئفٹ‘‘ پابندیاں ہیں، تاہم بھارت، چین، اور متحدہ عرب امارات نے ان پابندیوں کے باوجود بڑے تجارتی معاہدے کیے ہیں اور منافع کما رہے ہیں۔ پاکستان بھی روس کے پابندیوں سے مستثنیٰ بینکوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور چینی بینکوں کو لائسنس دینے پر غور کر رہا ہے تاکہ تجارتی معاہدے آسانی سے ممکن ہو سکیں۔

وفد کے اراکین ٹیکسٹائل، لیدر، اسپورٹس، سرجیکل آلات، قالین، لاجسٹکس، خوراک اور زراعت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان براہ راست تجارت کے امکانات اور دیگر تجارتی راستوں جیسے ایران، افغانستان، اور چین کے ذریعے تجارت پر بھی غور کیا جائے گا۔

روس میں پاکستانی مصنوعات کی کھپت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن کی روشنی میں 2022 میں 7 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز مالیت کی مصنوعات روس کو برآمد کی گئیں تھیں۔

ریاستی اعزازات Previous post قومی دن کی مناسبت سے صدر شی جن پنگ نے اعلیٰ ترین ریاستی اعزازات دیے
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک Next post لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ آج سنبھالیں گے