جنوبی افریقہ

پاکستان کی پہلی اننگز جنوبی افریقہ کے خلاف 211 رنز پر تمام، کامران غلام کی شاندار نصف سنچری

سنچورین، یورپ ٹوڈے: جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کامران غلام نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور سازگار کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن 14.1 اوورز میں شان مسعود 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اگلے اوور میں صائم ایوب 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اور اس کے فوراً بعد بابر اعظم بھی صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس سے پاکستان کا اسکور 41/3 پر پہنچ گیا۔

چوتھی وکٹ 56 رنز پر گری، جب سعود شکیل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم، کامران غلام اور محمد رضوان نے 81 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو سہارا دیا۔ کامران غلام 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رضوان نے 27 رنز بنائے۔

لوئر آرڈر میں سلمان علی آغا اور عامر جمال نے مزاحمت کی اور ساتویں وکٹ پر 47 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ عامر 28 اور سلمان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹیل اینڈرز خرم شہزاد اور محمد عباس نے مجموعی اسکور کو 211 رنز تک پہنچایا۔ خرم 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عباس 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوربن بوش نے 4 اور مارکو یانسین نے ایک وکٹ لی.

پاکستان اور ترکیہ Previous post پاکستان اور ترکیہ کی دوستی: ثقافت اور ورثے کے ذریعے مضبوط تعلقات
علی شیر Next post ازبکستان کے سفیر علی شیر توختائیف نے پاکستان میں آزربائیجان کے سفارتخانے میں فضائی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا