ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر وی فومن کی اہم ملاقات، فوجی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: پاک فضائیہ کے ایئر ہیڈکوارٹرز میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر وی فومن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران مشترکہ فوجی مشقوں اور تکنیکی معاونت کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔ ایئر چیف نے روس کے ساتھ فوجی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے تعاون پر مبنی تربیتی پروگرامز، مشقوں، اور صنعتی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
روسی نائب وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی حالیہ پیشرفت اور موجودہ قیادت کے تحت جدیدیت کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں انہوں نے ملٹری ٹو ملٹری تعاون اور باہمی دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔