چیمپئنز ٹرافی

چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت سے انکار اور پاکستان کے سخت موقف کے بعد نیا مجوزہ آپشن سامنے آگیا

کراچی، یورپ ٹوڈے: چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں شرکت سے انکار اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سخت موقف کے بعد ایک نیا آپشن منظر عام پر آیا ہے، جو دونوں ممالک کے بورڈز کو مشکل صورتحال سے نکلنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، “کچھ لو اور کچھ دو” کے فارمولے کے تحت ایونٹ کو بچانے کے لیے بات چیت ہو سکتی ہے، تاہم اس کے لیے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ دونوں کو اپنے موقف میں لچک دکھانی ہوگی۔

ممکنہ فارمولے کے مطابق بھارتی ٹیم تین میچز میں سے ایک میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پھر وہاں سے واپس اپنے ملک یا یو اے ای روانہ ہو جائے گی۔ اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچتی ہے تو یہ میچ یو اے ای میں کرایا جائے گا، لیکن اگر بھارتی ٹیم فائنل تک پہنچتی ہے تو اسے لاہور آ کر فائنل کھیلنا پڑے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارتی ٹیم کے پاکستان میں میچز نہ ہونے کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ نقصان کے بدلے چیمپئنز ٹرافی کی آمدنی میں زیادہ حصہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس آپشن کو اپنانے سے نہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بلکہ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ دونوں کو مشکلات سے نکلنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر ناخوش ہونے کے باوجود اس موقف پر کچھ ریلیف ملے گا جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ ہائبرڈ ماڈل پر اپنی بات منوانے میں کامیاب ہو سکے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجا جانے والا خط ابھی تک جواب سے محروم ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے زبانی طور پر اپنے انکار سے آئی سی سی کو آگاہ کیا تھا، جس کی وجہ سے کونسل میں تاخیر ہو رہی ہے۔

One thought on “چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت سے انکار اور پاکستان کے سخت موقف کے بعد نیا مجوزہ آپشن سامنے آگیا

Comments are closed.

دسمبر 1 Previous post چین نے دسمبر 1 سے مختلف مصنوعات کے لیے ایکسپورٹ ٹیکس ریبیٹس میں تبدیلی کا اعلان کر دیا
روسی صدر ولادیمیر پوتن Next post روسی صدر ولادیمیر پوتن اور جرمن چانسلر اولاف شولتز کے درمیان تقریباً دو سال بعد پہلی ٹیلی فونک بات چیت