یومِ دفاع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، ایئر وائس مارشل شہریار کا قوم کے لیے پیغام
کراچی، یورپ ٹوڈے: آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
یومِ دفاع کی مناسبت سے آج مزارِ قائد پر پاک بحریہ اور بری فوج کے نمائندے بھی حاضری دیں گے۔ وہ بھی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کریں گے۔
اس موقع پر ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمے داری سنبھالنا پاکستان ایئر فورس کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو واضح پیغام ہے کہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ایئر وائس مارشل نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا۔ پاک فضائیہ نے ملک کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا اور آج بھی پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو جدید ٹریننگ دی جا رہی ہے اور پاکستان کا امن ہماری اولین ترجیح ہے۔
ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی بہادری کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیوں کے لیے شکر گزار ہے۔