چیمپئنز ٹرافی

پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آزاد کشمیر ٹور پر بھارت کے اعتراض کو پاؤں تلے روند ڈالا

لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ اس اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی سے اعتراض اٹھایا کہ ٹرافی کو ان شہروں میں نہ لے جایا جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ حکومت کے سخت موقف کے باعث شدید دباؤ میں ہے۔ خاص طور پر پی سی بی کے چیئرمین کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت پر بھی بھارت میں تشویش پائی جاتی ہے۔

آئی سی سی نے ابتدائی طور پر پی سی بی کو ٹرافی کے آزاد کشمیر کے علاقوں میں دورہ منسوخ کرنے کا کہا تھا، تاہم پاکستان نے واضح کر دیا کہ بھارت ایونٹ میں شرکت سے انکار کے بعد ٹرافی ٹور پر اعتراض کیسے کر سکتا ہے؟ پاکستان کے مطابق آزاد کشمیر میں ٹرافی لے جانے پر بھارتی اعتراض غیر مناسب ہے۔ مزید برآں، پاکستان نے سوال اٹھایا کہ بھارت نے 2023 کی ورلڈکپ ٹرافی لداخ کے متنازع علاقے میں کیوں لے کر گیا؟

چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اور ٹور کا راستہ آئی سی سی کے منظور کردہ ہیں اور انہیں تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستان میں ٹرافی ٹور 16 سے 24 نومبر تک منعقد کیا جائے گا۔

دوسری جانب، بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا ہے۔ پی سی بی نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت آنا چاہتا ہے تو خوش آمدید، ورنہ دوسری ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کو بھی مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا اور ویتنام کے درمیان خصوصی اقتصادی زونز (EEZ) معاہدے کی توثیق کے لیے عزم کا اظہار
برقی ٹرکوں Next post چین نے برقی ٹرکوں کی بدولت عالمی ہیوی ڈیوٹی ٹرکوں کے منظرنامے میں تبدیلی لائی