بھارت سے آلودہ ہوا کے دباؤ کے باعث لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافہ، محکمۂ ماحولیات کا ریڈ الرٹ جاری
لاہور، یورپ ٹوڈے: سیکریٹری تحفظ ماحول راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والے آلودہ ہوا کے دباؤ نے لاہور کی فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننا شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافہ ہو رہا ہے اور مشرقی ہوائیں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
راجہ جہانگیر نے دونوں ممالک کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ فصلوں کی باقیات کو نہ جلائیں تاکہ آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ سیکریٹری تحفظ ماحول نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ساتھ ہی یہ مشورہ بھی دیا کہ گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔
واضح رہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ایک بار پھر سرِ فہرست آ گیا ہے۔ محکمۂ ماحولیات نے شہر کو درپیش اس مسئلے پر ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو زیادہ محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔