سعودی ولی عہد

وزیرِاعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاک سعودی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

ریاض، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ریاض میں منعقدہ “ون واٹر سربراہی اجلاس” کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستانی وزیراعظم سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران پانچویں ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کی عکاسی کرتا ہے۔

ولی عہد نے پاکستان کی معاشی ترقی میں سعودی تعاون کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک مزید خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

ملاقات میں پاکستان میں جاری سرمایہ کاری کے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار کو سراہا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور انہیں جلد دورۂ پاکستان کی دعوت دی، جسے ولی عہد نے قبول کرتے ہوئے جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

فلسطینی Previous post فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سعودی عرب اور فرانس کا مشترکہ کانفرنس بلانے پر اتفاق
رعایتی نرخوں Next post پاکستان اور روس کے درمیان رعایتی نرخوں پر خام تیل کی درآمد کا معاہدہ