وزیر اعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کا قطر کے قومی عجائب گھر میں پاکستانی آرٹ نمائش “منظر” کا دورہ
دوحہ، یورپ ٹوڈے: وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جمعرات کو قطر کے نیشنل میوزیم میں پاکستانی آرٹ گیلری “منظر: پاکستان کے فن و تعمیرات 1940 سے آج تک” کا دورہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ مذاکرات کے بعد میوزیم کا سفر کیا، جہاں امیرِ قطر اور اُن کی بہن، قطر میوزیمز کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے وزیراعظم کو آرٹ نمائش میں شامل فن پارے دکھائے اور پاکستانی فنکاروں و منتظمین سے ملاقات کروائی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے “منظر” آرٹ گیلری کے انعقاد پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی فنکاروں کی سرپرستی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد ہر پاکستانی کے لئے باعث فخر ہے اور اس سے پاکستان و قطر کے مضبوط برادرانہ اور معاشرتی تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے معروف پاکستانی معمار نیر علی دادا، پاکستانی فوٹوگرافرز، مصور، خطاط اور دیگر فنکاروں سے بھی ملاقات کی۔ نمائش میں پاکستان کے ممتاز فنکاروں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل علی ممتاز اور نیر علی دادا سمیت دیگر فنکاروں کے فن پارے، پینٹنگز، فوٹوگرافی اور خطاطی کے نمونے پیش کیے گئے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے والہانہ استقبال پر وہ نہایت متاثر ہوئے ہیں۔ “پاکستان قطر کے ساتھ اپنے خاص دوستی کے رشتے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے! اس دورے سے پاک-قطر تعلقات میں مزید مضبوطی آ رہی ہے۔” وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ امیرِ قطر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے