روراس میں ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کا افتتاح، دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کا آغاز
سیالکوٹ، یورپ ٹوڈے: وزیر مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت اسمارٹ ولیج منصوبے کا مقصد دیہی اور دور دراز علاقوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرنا ہے تاکہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے اور صحت و تعلیم سمیت روزمرہ کے مسائل کا ڈیجیٹل حل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل میں صلاحیتوں اور مہارت کی کمی نہیں ہے لیکن ان صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسمارٹ ولیج منصوبہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور علاقے کے رہائشیوں کے روزمرہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بات انہوں نے سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال کے گاؤں روراس میں ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اسمارٹ ولیج منصوبہ:
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ پائلٹ منصوبہ وزارتِ اطلاعات، انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین، ہواوے، بدری این جی او اور ٹیلی ایجوکیشن کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبہ چھ ماہ میں مکمل ہوگا جس کے دوران 100 لڑکیوں اور لڑکوں کو ڈیجیٹل ولیج سینٹر میں کاروباری اور کمپیوٹر اسکلز کورسز کرائے جائیں گے، جس سے انہیں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسیفک خطے کا پہلا ملک ہے جہاں ای ولیج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ہے کہ دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑا جائے۔
صحت اور تعلیم میں ڈیجیٹل سہولیات
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ روراس گاؤں میں صحت اور تعلیم سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی پہلا قدم ہے۔ لڑکیوں کے ہائی اسکول میں جدید کمپیوٹر لیب اور ورچوئل ایجوکیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو خوش آئند ہے۔
طبی سہولیات کی دشواریوں کے پیش نظر ڈیجیٹل میڈیکل کنسلٹنسی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین، ہواوے پاکستان، ٹیلی ایجوکیشن، بدری این جی او اور محکمہ تعلیم کی کاوشوں کو سراہا۔
چاروں صوبوں میں منصوبے کا دائرہ کار
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی تمام چاروں صوبوں میں ایسے اسمارٹ ولیج منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
تقریب میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے ریجنل ڈائریکٹر اتسکو اوکودا نے کہا کہ اسمارٹ ولیج پاکستان منصوبہ صحت، تعلیم اور زراعت جیسے شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فوائد کو دیہی اور دور دراز کمیونٹیز تک پہنچانے کے لیے ایک جامع حکومتی نقطہ نظر کو فروغ دیتا ہے۔
ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے سمر عباس نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے چیلنجز بہت زیادہ ہیں لیکن پاکستان میں مواقع اس سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن عالمی مسابقت میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اہم ہے۔
اسمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ولیج سینٹر کا افتتاح
تقریب کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین اتسکو اوکودا، وزارتِ آئی ٹی کے ڈائریکٹر حماد وسیم، بدری این جی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا اور وائس چیئرپرسن حنا نورین نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول روراس میں اسمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ولیج سینٹر کا افتتاح کیا۔