ویمن کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریوں کے بارے میں نشرح سندھو کا بیان
لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان کی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی نشرح سندھو نے کہا ہے کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کو کامیابی دلائیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی نشرح سندھو، سعدیہ اقبال، اور صدف شمس نے آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کی۔
نشرح سندھو کا کہنا تھا کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاری بھرپور ہے، گروپ میں شامل مضبوط ٹیموں کے لیے پہلے ہی سے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ دبئی کی گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان میں تربیتی کیمپ کا انعقاد بہت فائدہ مند ثابت ہوا۔
سعدیہ اقبال نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھرپور محنت کی گئی ہے، جنوبی افریقا کے خلاف حالیہ سیریز نے ٹیم کو بہت اعتماد دیا ہے۔ دبئی کی پچز اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں، جس کے پیش نظر ٹیم کا کمبینیشن تیار کیا گیا ہے۔
صدف شمس نے بتایا کہ یہ ان کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے اور وہ اس مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم کی کارکردگی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اچھے نتائج آئیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے اپنا پہلا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا، جبکہ دوسرا وارم اپ میچ آج 30 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف ہوگا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنا افتتاحی میچ جمعرات 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 6 اکتوبر کو ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔