پیٹرولیم

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے جبکہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہر ہفتے کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی وہ خود کر رہے ہیں۔ کمیٹی روزانہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ حالات کے مطابق مناسب فیصلے کیے جا سکیں۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے معاملے پر پاکستان مسلسل سفارتی رابطوں میں ہے اور وہ وزرائے خارجہ، وزرائے اعظم، سربراہان مملکت اور فوجی قیادتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی گزشتہ پانچ روز سے مسلسل کام کر رہی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے روزانہ اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ان اجلاسوں میں پیٹرولیم ڈویژن، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوتے ہیں۔ توانائی کا براہ راست تعلق پاکستانی معیشت سے ہے اور حکومت اس کے اثرات کا مکمل جائزہ لے رہی ہے جبکہ وزیر تجارت بھی درآمدات اور برآمدات پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اس وقت مستحکم پوزیشن میں ہے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ تاہم اگر عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ طویل عرصے تک جاری رہا تو صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر حکومت مزید فیصلے بھی کر سکتی ہے۔

1332 Previous post خلیجی جنگ آٹھویں روز میں داخل، امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایران میں شہدا کی تعداد 1332 تک پہنچ گئی
ترکمانستان Next post ترکمانستان میں عالمی یومِ خواتین کی سرکاری چھٹی 9 مارچ کو منتقل کرنے کا اعلان