خواتین

وزیراعظم شہباز شریف: خواتین کو مرکزی دھارے میں لانا پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لیے خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مرکزی دھارے میں شامل کرنا ضروری ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خواتین کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور تمام صوبے مل کر خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں تاکہ انہیں ہر میدان میں مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام شعبہ جات میں خواتین کے ساتھ تعاون اور ان کی تربیت کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں “سی ایم ویمن امپاورمنٹ پروگرام” کو اب “پی ایم ویمن امپاورمنٹ پیکیج” کے تحت چلایا جا رہا ہے، جس کا مقصد خواتین کو عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو معیشت کے اہم شعبوں، خاص طور پر درآمدات و برآمدات میں متحرک کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ خواتین کی عملی شمولیت کے بغیر پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک نہیں بنایا جا سکتا۔

خواتین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم ستون ہیں

وزیراعظم نے کہا کہ خواتین ملک کی نصف آبادی پر مشتمل ہیں اور دیہی علاقوں میں مردوں کے ساتھ مل کر تمام شعبوں میں انتھک محنت کر رہی ہیں۔ وہ کھیتوں میں فصلیں بونے، کاٹنے اور مشینری کے استعمال میں بھی مردوں کے ہم قدم ہیں۔ اسی طرح، شہروں میں خواتین مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، جنہیں مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں ماؤں کا اپنی اولاد کی تربیت میں کردار انتہائی اہم ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہرہؓ سے محبت اور حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی بطور تاجر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے اور ان کی عزت و تکریم پر زور دیتا ہے۔ اسلام خواتین کو شرعی دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کی مکمل اجازت دیتا ہے۔

خواتین کی تعلیم اور معاشی آزادی میں سرمایہ کاری ترقی کی ضمانت ہے

قبل ازیں، خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین ہمارے گھروں کا ستون اور قوم کے مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کلاس رومز سے لے کر بورڈ رومز تک، کھیل کے میدانوں سے لے کر فرنٹ لائنز تک ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ خواتین کا موضوع “تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے: حقوق، مساوات اور انہیں بااختیار بنانا” ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کا عزم دلاتا ہے جہاں خواتین کلیدی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے پالیسی اقدامات، قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے خواتین کے حقوق کو یقینی بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ تاہم، حقیقی صنفی مساوات کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی آزادی میں سرمایہ کاری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرے کہ خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ “آئیے ہم مل کر ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کریں جہاں ہر عورت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے اور ہر بیٹی کے خواب حقیقت بن سکیں۔”

اسحاق ڈار Previous post اسحاق ڈار کا او آئی سی اجلاس سے خطاب، فلسطین کے لیے فوری اقدامات پر زور
مہربان علیوا Next post آذربائیجان کی خاتون اول مہربان علیوا کی خواتین کے لیے یومِ خواتین کی مبارکباد