ایگریکلچر

وزیراعظم شہباز شریف کا پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے افتتاح پر خطاب

لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی اے) کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور شفافیت کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں، اور پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت وفاقی و صوبائی وزرا، اسمبلی ممبران اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ملک کے ہر کونے میں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نظر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی عوام کی بڑی خدمت ہے اور اس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی مصنوعات اور ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹری ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے اور فوڈ سکیورٹی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ایک اہم اقدام ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور وژن کے مطابق پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ادارے کے قیام پر خوشی ہے، یہ منصوبہ عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ادارے کا قیام ادارے میں موجود ہر فرد کی محنت کا مرہون منت ہے۔

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے بعد ازاں اتھارٹی کے مختلف شعبوں اور لیبارٹری کا معائنہ کیا اور پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے خدوخال اور اعراض و مقاصد کے بارے میں معلوماتی ویڈیو بھی دیکھی۔

پاکستان Previous post صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس طلب کر لیے
آسٹریلیا Next post پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 90 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی