
ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی 152ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ — فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی
ایبٹ آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب جاری ہے، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہیں۔
تقریب میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹیگریٹڈ کورس مکمل کرنے والے کیڈٹس نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفرا، اعلیٰ حکومتی شخصیات، عسکری قیادت، غیر ملکی مندوبین اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہلِ خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کے آغاز پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی۔ پریڈ کے دوران کیڈٹس نے اپنی تربیت، نظم و ضبط اور مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جبکہ فضاء میں ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
یہ تاریخی تقریب پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ روایت اور قومی دفاع کے عزم کی علامت سمجھی جاتی ہے، جہاں نئے افسران اپنی تربیت مکمل کر کے ملک و قوم کی خدمت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔