
صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کی ملاقات، ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے علاوہ خطے اور عالمی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی استحکام، معاشی اصلاحات اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ رہنماؤں نے بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی حکمتِ عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اجلاس میں نائب وزیرِاعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسدادِ منشیات سینیٹر سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن سینیٹر احد خان چیمہ، وزیرِاعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، سینیٹر شیری رحمٰن اور رکنِ قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی شریک تھے۔
ملاقات میں قومی یکجہتی، معاشی بحالی اور سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔