
صدر آصف علی زرداری کا پی این ایس خیبر کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہفتہ کے روز پاک بحریہ میں پی این ایس خیبر کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان نیوی کی بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کا مظہر قرار دیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس خیبر کا اضافہ بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔
انہوں نے قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھانے پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، خصوصاً معرکۂ حق کے دوران اس کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں ایک مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر ستون ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سمندری حدود کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔