
متحدہ عرب امارات میں میزائل کے ملبے سے دو پاکستانیوں کی ہلاکت پر صدر آصف علی زرداری کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات میں میزائل کے ملبے سے دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر آصف علی زرداری نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات دیگر ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں اور اس سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے پیش نظر خطے میں امن اور استحکام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں کیونکہ یہ صورتحال عالمی امن کو متاثر کر سکتی ہے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل تحمل، بردباری اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، تحمل اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی حمایت جاری رکھے گا۔