
صدرِ مملکت کی جانب سے افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں کو عسکری اعزازات عطا
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو نمایاں خدمات کے اعتراف میں عسکری اعزازات سے نواز دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مجموعی طور پر 11 ستارۂ بسالت، 475 تمغۂ بسالت، 130 امتیازی اسناد، 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز، 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری) عطا کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ستارۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں میجر کامل حسین، میجر سبتین حیدر (شہید)، میجر حمزہ اسرار (شہید)، میجر عدنان اسلم (شہید)، کیپٹن حسنین اختر (شہید)، حوالدار علی بلاول (شہید)، نائب صوبیدار بخت زمین (شہید)، سپاہی رحمان زادین (شہید)، سپاہی ثقلین حکم داد (شہید) کے علاوہ پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد اور ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک شامل ہیں۔
تمغۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں بڑی تعداد میں افسران اور جوان شامل ہیں جن میں لیفٹیننٹ کرنل محمد سیف اللہ بیگ، میجر سید معیز عباس شاہ (شہید)، میجر محمد شبیر، میجر دانیال تنویر راجہ، میجر محمد اویس (شہید)، کیپٹن محمد علی قریشی (شہید) سمیت دیگر شامل ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں شہداء کو بھی یہ اعزاز بعد از شہادت عطا کیا گیا۔
اسی طرح امتیازی اسناد بھی متعدد افسران و جوانوں کو دی گئیں جن میں لیفٹیننٹ کرنل محمد اظہار احمد، میجر طاہر ایاز، کیپٹن عقیل نثار اور دیگر شامل ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز بھی بڑی تعداد میں افسران اور جوانوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیے گئے۔
ہلالِ امتیاز (ملٹری) حاصل کرنے والوں میں میجر جنرل وسیم حیدر شاہ، میجر جنرل محمد شمریز، میجر جنرل ابو بکر شہباز، ریئر ایڈمرل عتیق الرحمن عابد، ایئر مارشل زعیم افضل اور دیگر اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ امتیاز (ملٹری) بھی بری، بحری اور فضائی افواج کے متعدد افسران کو ان کی نمایاں خدمات پر عطا کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعزازات افسران اور جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کے اعتراف میں دیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں کے صلے میں بعد از شہادت اعزازات سے نوازا گیا۔