صدر مسعود پیزشکیان کا پوپ فرانسس کے انتقال پر اظہار تعزیت

صدر مسعود پیزشکیان کا پوپ فرانسس کے انتقال پر اظہار تعزیت

تہران، یورپ ٹوڈے: ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے کیتھولک کلیسا کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پوپ فرانسس پیر کے روز 88 برس کی عمر میں وفات پا گئے۔

صدر پیزشکیان نے اپنے تعزیتی پیغام میں دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں، پوپ فرانسس کے عقیدت مندوں اور پیروکاروں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پوپ کی زندگی، قیادت اور عالمی مسائل پر ان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی ناانصافیوں، خصوصاً غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف ان کی دوٹوک مذمت اور بے گناہ فلسطینی عورتوں اور بچوں کے قتل عام کو روکنے کی اپیل پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر پزشکین نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس کے اصولی مؤقف، آزادی پسند اقوام اور بیدار ضمیر انسانوں کے دلوں میں ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔

انہوں نے کہا:
"ایرانی قوم کی جانب سے، جو ہمیشہ عالمی امن و سلامتی کے قیام، بین المذاہب مکالمے اور یکجہتی کی داعی رہی ہے، میں اس مذہبی پیشوا کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور خداوند متعال سے دعا گو ہوں کہ وہ ان کی روح کو اپنی لا محدود رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور انہیں ابدی سکون بخشے۔”

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر ایک بیان میں تعزیت پیش کی۔
انہوں نے کہا:
"ایرانی عوام کی جانب سے، میں عالمی برادری، خصوصاً پوپ فرانسس کے وفادار پیروکاروں سے اس عظیم سانحے پر دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔ ان کی دانائی اور شفقت نے دنیا بھر میں لاکھوں دلوں کو چھوا، اور انہوں نے اقوام و مذاہب کے درمیان امن و اتحاد کو فروغ دیا۔ ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور اپنی گہری ہمدردی پیش کرتے ہیں۔”

ایران کے ویٹیکن میں سفیر محمد حسین مختاری نے بھی اپنے تعزیتی بیان میں دنیا بھر کے مسیحیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس ایک مردِ امن تھے، جنہوں نے انسانی اور اخلاقی اقدار کی بھرپور وکالت کی۔

سفیر مختاری نے پوپ فرانسس کی بین المذاہب ہم آہنگی، عالمی یکجہتی اور مظلوموں کی حمایت کے لیے ان کی مستقل کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف منگل کو ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے Previous post وزیراعظم شہباز شریف منگل کو ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے
خوجالی: بالیجا گاؤں میں مزید 21 خاندانوں کی آبادکاری، کل تعداد 157 خاندانوں تک پہنچ گئی Next post خوجالی: بالیجا گاؤں میں مزید 21 خاندانوں کی آبادکاری، کل تعداد 157 خاندانوں تک پہنچ گئی