ازبکستان

ازبکستان اور امریکہ کے صدور کا ٹیلی فونک رابطہ، اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر اتفاق

تاشقند، یورپ ٹوڈے: ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف اور ریاستہائے متحدہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات کو ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں ازبکستان۔امریکا اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے “نئے ازبکستان” میں جاری ناقابلِ واپسی اصلاحات کو سراہا اور ان کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا، جن کا مقصد قومی معیشت کی جدید خطوط پر ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہے۔

اس موقع پر صدر مرزیایوف نے صدر ٹرمپ کو امریکا کی موجودہ انتظامیہ کی اندرونی اور بیرونی پالیسیوں میں حاصل نمایاں کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے واشنگٹن کی ان کاوشوں کو بھی اجاگر کیا جو عالمی اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جارہی ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سال 2024 میں باہمی تجارتی حجم میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فریقین نے شہری ہوا بازی، اہم معدنی وسائل، الیکٹریکل انجینئرنگ انڈسٹری، توانائی، زراعت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، مالیات، اختراع اور تعلیم سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ اس ماہ معروف امریکی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں شیڈول ہیں تاکہ طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری قائم کی جا سکے۔

معاشی تعاون کے ساتھ ساتھ سلامتی کے میدان میں عملی تعاون پر بھی غور کیا گیا، بالخصوص دہشت گردی، انتہاپسندی اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف اقدامات پر۔ دونوں فریقین نے ثقافتی اور انسانی شعبوں میں تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جہاں تاشقند میں امریکی جامعات کی شاخیں کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ازبکستان کی قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جو پہلی مرتبہ آئندہ برس امریکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور وسطی ایشیائی ریاستوں اور امریکا کے درمیان “C5+1” فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔

صدر مرزیایوف نے صدر ٹرمپ کو اپنی سہولت کے مطابق ازبکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے مشترکہ منصوبوں اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی اور اعلیٰ سطحی مکالمے کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو خوشگوار، دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔

ترکمانستان Previous post ترکمانستان ہلال ایکسپو 2025 میں قومی پویلین پیش کرے گا
افریقہ کلائمیٹ Next post افریقہ کلائمیٹ ویک میں آذربائیجان کی امن و ماحولیاتی سفارتکاری کو سراہا گیا