شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم میں عوامی تعاون پر زور

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے، بروقت تشخیص اور علاج کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور ہم آہنگی کریں۔

عالمی یومِ آگاہی برائے بریسٹ کینسر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ’’یہ دن بلاشبہ ہمیں قومی سطح پر اس بیماری کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بریسٹ کینسر دنیا کی تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں میں سے ایک ہے، جس کی روک تھام کے لیے عالمی اور قومی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔‘‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’’اکتوبر کا مہینہ بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے مخصوص ہے، جبکہ 19 اکتوبر کو دنیا بھر میں بریسٹ کینسر آگاہی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’اس بیماری کی بروقت تشخیص مریض کی مکمل صحت یابی کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے، تاہم پاکستان میں اس بیماری کی دیر سے تشخیص ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس صورتحال کو قومی سطح پر سمجھنا اور عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہے۔‘‘

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’’بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا محور اس بات پر ہونا چاہیے کہ خواتین بیماری کو چھپانے کے بجائے فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔ حالیہ برسوں میں شہری علاقوں میں آگاہی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، تاہم دیہی علاقوں میں اس حوالے سے مزید مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ وزارتِ قومی صحت دیہی، علاقائی اور مقامی سطح پر لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر عملے کے ذریعے بروقت تشخیص، علاج اور ڈاکٹر سے رابطے کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ’’خاموشی توڑیں، بروقت تشخیص زندگی بچاتی ہے‘‘ کے عنوان سے عوامی آگاہی مہم میڈیا اور دیگر ذرائع سے جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’اس بیماری کے قومی سطح پر اعداد و شمار جمع کرنے اور ایک مؤثر قومی حکمتِ عملی تشکیل دینے پر بھی کام جاری ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’عالمی یومِ آگاہی برائے بریسٹ کینسر کے موقع پر وزارتِ قومی صحت کی جانب سے ملک بھر کے تشخیصی مراکز اور تعلیمی اداروں میں سیمینارز کا انعقاد خوش آئند ہے، تاہم اس حوالے سے مزید فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔‘‘

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ ’’آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اس بیماری سے متعلق آگاہی ہمارے ہر شہر اور گاؤں کے ہر گھر اور ہر خاتون تک پہنچے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کے ذریعے اس بیماری پر قابو پا کر قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔‘‘

سفیر Previous post رومانین سفیر نے رومانین مسلح افواج کے دن کی مناسبت سے استقبال کا اہتمام کیا
زرداری Next post صدر آصف علی زرداری کا بریسٹ کینسر سے آگاہی، بچاؤ اور علاج کی عالمی کوششوں سے اظہارِ یکجہتی